
ووہان (ویب ڈیسک)چین نے وائرس کے پھیلاؤ کے مرکز ووہان شہر میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے آئندہ 10 دن کے عرصے میں شہر بھر میں ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق ووہان شہر میں حکام نے پورے شہر میں نیوکلائیک ایسڈ ٹیسٹنگ کا منصوبہ بنایا جس کی بدولت وائرس کی تشخیص میں مدد ملے گی۔
شہر کے تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منگل تک اپنے اپنے علاقے میں ٹیسٹ کے حوالے سے تمام تر تفصیلات جمع کرائیں۔
ایک کرور 10لاکھ آبادی کے حامل شہر ووہان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور وائرس کے پھیلاؤ کے بعد کئی ماہ تک لاک ڈاؤن رہا تھا۔
8اپریل کو ووہان سے لاک ڈاؤن کا خاتمہ کردیا گیا تھا جس کے بعد گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ووہان میں نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔