
بیجنگ(ویب ڈیسک) چین میں سمارٹ فون نہ ہونے کی وجہ سے ایک بزرگ شہری کو 590میل پیدل چل کر گھر جانا پڑ گیا۔ میل آن لائن کے مطابق چین میں کورونا وائرس فری ہونے کا ثبوت دینے کے لیے اپنے سمارٹ فون میں اس وباءکے حوالے سے بنائی گئی ایک مخصوص ایپلی کیشن انسٹال کرنا ضروری ہے۔ جس شخص کے فون میں یہ ایپ انسٹال نہ ہو اسے کوئی سروس فراہم کرنے پر پابندی ہے۔
ژی نامی اس 65سالہ شہری کوچینی صوبے انہوئی سے دوسرے صوبے ژن جیانگ میں واقع اپنے گھر جانا تھا لیکن سمارٹ فون نہ ہونے کی وجہ سے کوچ ڈرائیورز نے اسے بٹھانے سے انکار کر دیا جس پر اس نے پیدل چلنا شروع کر دیا۔ وہ 2ہفتے تک پیدل چلتا رہا اور بالآخر 590میل (950کلومیٹر)کا فاصلہ طے کر کے اپنے گھر پہنچ گیا۔ لوگوں کا اس واقعے پر کہنا ہے کہ زیادہ تر عمر رسیدہ افراد کو سمارٹ فون چلانا ہی نہیں آتا، جس کی وجہ سے وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ چینی حکومت کو ان لوگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کا کوئی حل نکالنا چاہیے۔“